عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد دوبارہ سماعت کیلئےمقرر

اسلام آبا(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفرگمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کردی ، اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست بھی فیصلہ محفوظ کیے جانے کے بعد دوبارہ سماعت کیلئے مقررکی گئی ہے۔
ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کیخلاف درخواست فیصلہ محفوظ کیے جانے کے بعد 25 ستمبر کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر 12 ستمبرکوفیصلہ محفوظ کیا تھا تاہم بعض قانونی نقاط کی مزید وضاحت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقررکیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب جاری کی جانے والی آئندہ ہفتے کی کازلسٹ کے مطابق سائفرگمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت بھی 25 ستمبر کو ہی ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کونوٹس جاری کردیے گئے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔