لکی مروت(اُمت نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فلائنگ کوچ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ڈاکوؤں نے قبول خیل کے علاقے کے قریب مسافر گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کی اور کوچ کے نہ روکنے پر اس پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخمی اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
گاڑی میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدور سوار تھے جو مزدوری کے بعد گھروں کو واپس آرہے تھے۔
اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی چھوڑی گئی دو موٹرسائیکلیں عوام کے ہاتھ لگ گئیں۔
اہل علاقہ نے قبول خیل گاؤں کو گھیرے میں لے رکھا ہے کیونکہ انہیں شک ہے کہ ڈاکو قبول خیل میں چھپے ہوئے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکو گاؤں قبول خیل میں روپوش ہیں، پولیس سرچ آپریشن کرے۔ انہوں نے لاش درہ تنگ سڑک پر رکھ کر احتجاج بھی کیا اور مقامی سرکاری یورینیم فیکٹری ’پاکستان اٹامک انرجی پراجیکٹ قبول خیل‘ جانے والی تمام گاڑیوں کو روک دیا۔