لندن میں ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں اہم فیصلے کر لیے گئے

لندن(اُمت نیوز)مسلم لیگ (ن) کے بڑ وں نے پارٹی منشور اور بیانے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لندن میں ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق بیانیے اور منشور کے لیے ن لیگ نے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس ضمن میں پارٹی قائد نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے 7 دن کے اندر تحریری طور پر تجاویز طلب کرلی ہیں، جب کہ پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت دیگر معاملات نواز شریف براہ راست خود دیکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبران کو اعتراض نہیں ہوگا، آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔
دوسری جانب سینئر لیگی رہنماؤں نے رائے دی کہ نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہئے، جب کہ پارٹی قائد نے ہدایت دی کہ ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ن لیگ کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں نواز، شہباز شریف سمیت مریم نواز، اسحاق ڈار، عابد شیر علی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
گزشتہ روز ہونے والی ن لیگ کی اہم بیٹھک میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جب کہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ترقی کا سفر شروع کرنے کے لئے وطن واپس جا رہے ہیں