اسلام آباد (اُمت نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ اس کا اسپانسر ہے۔
پاکستانی مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر بھارت کا نہ کبھی تھا نہ کبھی ہوگا، آزادی کی تحریک دہشت گردی نہیں، بھارت نے کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے، بھارتی مظالم اور پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت جائز اور قانونی ہے، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت جواب دہ ہے، بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ اس کا اسپانسر ہے۔
صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سمیت خطے کے ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی کی فرنچائز اب عالمی ہوگئی ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ میں صرف مسیحیوں پر 525 حملے کئے گئے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی نمائندہ نے مزید کہا کہ دنیا بھارت کو اسٹریٹجک وجوہات پر چھوٹ دینا بند کر دے۔