متاثرہ مریضوں کی تعداد 14سے 20کے درمیان ہے ، فائل فوٹو
متاثرہ مریضوں کی تعداد 14سے 20کے درمیان ہے ، فائل فوٹو

جعلی انجکشن سے بینائی متاثر، ایک انجکشن پر1لاکھ روپے کمانے کا انکشاف

لاہور: جعلی انجکشن سے بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر 2افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا،ایف آئی آر چیف ڈرگ کنٹرولر کی مدعیت میں درج کرائی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ ملزم نوید نے جعلی انجکشن لاہور میں سپلائی کیا، ڈرگ کنٹرولر قصور نے ملزم نوید کیخلاف شکایت کی تھی،تاہم ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان  نے کہاکہ آنکھوں کو متاثر کرنے والی دوائی مارکیٹ سے اٹھا لی گئی ہے ،مارکیٹ سے آنکھوں کے انجکشن اٹھا لیے گئے ہیں،2سپلائرز کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔

نگران وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جعلی انجکشن فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مختلف زاویوں سے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں،ان کا کہناتھا کہ انجکشن کی شکایات ملتان، قصور اور فیصل آباد سے بھی آئی تھیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ ہم نے سب سے پہلے نوید اور بلال کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی،متاثرہ مریضوں کی تعداد 14سے 20کے درمیان ہے ،ان کا کہناتھا کہ بڑے ظالم لوگ ہیں، ایک انجکشن پر ایک لاکھ روپے کما رہے تھے۔