جیل انتظامیہ کی چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے سے معذوری

راولپنڈی: سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کواٹک جیل انتظامیہ نے عدالت پیش کرنے سے معذوری ظاہر کردی۔ ذرائع کے مطابق جیل حکام کا کہنا ہے کہ ٹرائل جیل میں ہورہا ہے لہٰذا چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل سےدوسری جگہ منتقل کرنا سیکورٹی رسک ہوسکتا ہے،کوئی بھی واقعہ پیش آسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ایکٹ کے تحت مقدمے میں اسیر ہیں، ان کی آج اسلام آباد میں سینئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں پیشی ہے۔ ادھر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو خط لکھ دیا جس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے لکھا ہےسول جج قدرت اﷲ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت پیشی کے حوالے سے حکم موصول ہوا،چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت اٹک جیل میں قید ہیں ان کی عدالت پیشی 25 ستمبر کو فکس ہے۔

ادھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان قانونی امور نعیم حیدر پنجوتھا نےکہا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کا جعلی معافی نامہ پھیلایا جا رہا ہے۔ایک بیان میں نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف روز افواہیں منظر عام پر آرہی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی صدر عارف علوی سے ملاقات کی تردید کرتا ہوں، میں نے ڈیل کی افواہوں کا پوچھا تو چیئرمین پی ٹی آئی بہت حیران ہوئے۔ وکیل ن کہا جعلی معافی نامہ بھی پھیلایا جا رہا ہے، معافی نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جعلی دستخط ہیں۔