کراچی میں چپ تعزیے کا پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ چپ تعزیے کا مرکزی جلوس آج صبح نشتر پارک سے برآمد ہوا جس سے قبل نشتر پارک میں الوداعی مجلس ہوئی،جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی گزرگاہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی جبکہ گلیاں اور سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ جلوس کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہونے کے باعث شارعِ فیصل پرمختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اس دوران راشد منہاس روڈ، ڈرگ روڈ، کار ساز اور آئی آئی چندریگرروڈ پرٹریفک کا دباؤ دیکھنے میں آیا۔
کراچی میں چپ تعزیے کا دوسرا جلوس دوپہر 1 بجے، رضویہ سوسائٹی قصرِ مصیب، رضویہ چورنگی ناظم آباد سے برآمد ہو ا۔ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ پر ختم ہوا۔
دوسرے جلوس کے سلسلے میں شہریوں کو زحمت سے بچنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق دوسرے جلوس کے دوران نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ناظم آباد نمبر 7 سے آنے والا ٹریفک موڑا جائے گا، ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر اور حسن اسکوائر بھیجا گیا، اس دوران ٹریفک کریم آباد چوک سے موسیٰ کالونی سے حسن اسکوائر جائے گا۔
شہرِ قائد کراچی میں جلوس کے روٹ پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔جلوس کے روٹ پر آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر، بسیں اور واٹر ٹینکر لگا کر بند کیا گیا ہے۔جلوس کے روٹ کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔