لاہور: جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت حاصل کرنے والی صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کی خواتین کو رہائی کے بعد جیل سے نکلتے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، پیر کی رات کو رہائی کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے باہر آنے والی خواتین کو پنجاب پولیس نے اسی وقت دوبارہ حراست میں لے لیا۔قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے صنم جاوید ٫افشاں طارق ٫ آشیانہ شجاع اور شاہ بانو گورچانی کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی۔ذرائع کے مطابق صنم جاوید سمیت دیگر کی جانب سے اہل خانہ نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کر ائے،ضمانتی مچلکے جمع ہونے پر عدالت نے خواتین کی رہائی کی روبکار جاری کی ۔
دوسری جانب محکمہ پراسیکیوشن نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں صنم جاوید ، روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظوری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق درخواست کی تیاری پر مشاورت جاری ہے،انسداد دہشت گردی عدالت کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست دائر کر دی جائیگی ۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے کیس میں اعجاز چوہدری کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ، عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
جیل حکام نے اعجاز چوہدری کی میڈیکل رپورٹ پیش کی ۔اعجاز چوہدری نے کہا کہ میں دل کا مریض ہوں اپنے پرائیوٹ کنسلٹنٹ کو معائنہ کی اجازت دی جائے، عدالت نے کہا جیل کے ڈاکٹر نے آپ کو صحت مند قرار دیا ہے ۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج ملک اعجاز آصف نے کرنل (ر)اجمل صابر کے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا ۔