نیدر لینڈز میں قرآن بے حرمتی قابل مذمت: پاکستان، سعودیہ

اسلام آباد، ریاض:  پاکستان نے نیدر لینڈزمیں قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین احمقانہ، انتہائی جارحانہ فعل کی شدید مذمت کردی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سمیت او آئی سی رکن ممالک کے سفارتخانوں کے سامنے مکروہ فعل کی انجام دہی قابل مذمت ہے۔ پاکستان کے تحفظات سے نیدر لینڈز کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ہالینڈ ایسی نفرت انگیز اور اسلاموفوبک کارروائیوں کے سدباب کے لیے فعال اقدامات کرے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نفرت انگیز اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں، ایسے اقدامات انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے متصادم ہیں۔واضح رہے نیدر لینڈز جسے ہالینڈ بھی کہا جا تا ہے کے شہر ’’دی ہیگ ‘‘ میں مسلم مخالف گروپ پیگیڈا کے ایک رکن نے کئی مسلم ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی ہے۔مسلم مخالف گروپ رکن ایڈون ویگنز ویلڈ نے دی ہیگ میں ترک، پاکستانی اور انڈونیشین سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔