کراچی: کورنگی ڈھائی نمبر پر لوٹ مارکرنے والے ڈکیتوں پرشہری نے فائرنگ کردی،دو ڈاکو ہلاک ہوگئے واقعہ ٹاؤن آفس کے قریب رونما ہوا،ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ایک کی شناخت 30 سالہ جمال ولد صدرالدین کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے ڈاکو کی شناخت نہ ہوسکی تاہم اسکی عمر 25 سالہ کے قریب بتائی جاتی ہے.
کورنگی مہران ٹاؤن میں 10 رکنی ڈکیت گینگ نے ایک دن میں 20 شہریوں کو لوٹ لیا،ڈاکو ملیرندی کے کچے راستے پرناکہ لگاکروارداتیں کرتے ہیں،ملزمان کی دوران واردات فائرنگ کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے شہریوں کو یرغمال بنایا اورمزاحمت پرفائرنگ بھی کی جبکہ تشدد بھی کیا گیا۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واردات کرکے ملزمان ندی کے راستے ہی فرار ہوتے ہیں،ایک ماہ کے دوران درجنوں شہریوں کو لوٹا گیا.
کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ای بی ایم کازوے اورکورنگی ملیرندی میں چیک پوسٹ قائم کررکھی ہے لیکن وہاں موجود پولیس اہلکاروں کے پاس موجود مہران کارچلنے کے قابل ہی نہیں جبکہ صرف دو اہلکارڈکیت گینگ کے 6 سے 8 افراد کیخلاف کارروائی سے قاصر ہیں،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رات گئے تین کارسواروں سے لوٹ مارکی،پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک خستہ حال ہے بروقت پہنچنا مشکل ہوتا ہے، ڈکیت گینگ مختلف اوقات میں اجتماعی واردات کرتا اورفرار ہوجاتا ہے۔