بشریٰ بی بی کیخلاف جعلی رسیدوں سمیت 3 کیسز سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (اُمت نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس کی سماعت دن 12 بجے مقرر کر دی۔
جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف پیش ہوئے، وکیل خالد یوسف نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا لاہور سے اسلام آباد کی طرف سفر شروع ہو چکا ہے، 12 بجے بشریٰ بی بی کی ضمانت پر دلائل کاوقت مقرر کر دیا جائے۔
بشریٰ بی بی اپنے وکیل سلمان صفدر کے ساتھ 12 بجے کچہری پہنچیں گی، واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد نے بھی بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس کی سماعت 12 بجے مقرر کر دی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟ پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی احتساب عدالت میں 12 بجے پہنچیں گی۔
معاون وکیل نے کہا کہ وکیل لطیف کھوسہ مصروف ہیں، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی سماعت کے لیے اٹک جیل گئے ہوئے ہیں، 12 بجے بشریٰ بی بی ان کے ہمراہ آئیں گی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم ہر مرتبہ صبح وقت پر پہنچ جاتے ہیں، بشریٰ بی بی کی دونوں کیسز میں درخواست ضمانت پر سماعت جج محمد بشیر کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی آج اسلام آباد کی 2 عدالتوں میں پیش ہوں گی، سابق خاتون اول احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس اور توشہ خانہ کیس میں پیش ہوں گی۔
خیال رہے کہ سابق خاتون اول اور چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آج کے روز تک 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت منظور ہے۔