مقبوضہ کشمیر :بھارتی کریک تیز ،4 نوجوان گرفتار،پولیس افسر کی لاش برآمد

سرینگر:  مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کا نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔، وسطی کشمیر بڈگام سے مزید چار نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ،نئی دہلی کے زیر کنٹرول تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے جموں میں ایک آزادی پسند نوجوانوں کے گھر پر چھاپہ مارا،فوجیوں نے نوجوانوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہونے کا دعوی بھی کیا ہے دوسری جانب پونچھ کے علاقے کانکوٹ کے قریب ایک خصوصی پولیس افسر خالق حسین کی لاش برآمد ہوئی ہے۔سوشل میڈیا صارفین پر پابندیاں مزید سخت کردی گئیں، سرینگر میں تین منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی،چیف آرگنائزر عبدالرشید لون کے زیر قیادت ماس موومنٹ کے وفد نے میر واعظ عمر فا روق سے ملاقات کی ۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا صارفین پر پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے بھارتی پولیس کوبھارت مخالف سرگرمیوں کی نگرانی کے نام پر تمام کشمیریوں کے سوشل اکائونٹس تک بلاروک ٹوک رسائی فراہم کر دی گئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ، ایکس، اسنیپ چیٹ، انسٹاگرام، ٹیلی گرام اور ٹک ٹاک تک براہ راست رسائی حاصل ہے۔پولیس کے مطابق اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا فائدہ اٹھا کر بھارت مخالف جذبات پھیلانے والے تک رسائی مل گئی ہے ۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس ان نوجوان کی بھی نگرانی کر رہی ہے جو مختلف ٹیلی گرام گروپوں کے رکن ہیں۔ سرینگر کے ککر بازار پلیڈیم گلی لالچوک میں ایک تین منزلہ عمارت کی نچلی منزل میں واقع دو کانوں میں آگ لگی جس کی وجہ سے دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ویلڈن اٹیچی ہاوس کے دکان سے گذشتہ شب اچانک آگ نمودار ہوئی جس کی وجہ سے اس سے دوسری دکان بھی متاثر ہوئی ۔ اس موقعے پر فائر اینڈ ایمرجنسی ، پولیس اور مقامی لوگوں نے دکان کا شیٹر توڑ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے ایک بڑے حادثے کو ہونے سے ٹال دیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ پر اگر جلد قابو نہ پایا گیا ہوتا تو یہ بھیانک صورتحال اختیار کرلیتا کیوں کہ یہ علاقہ ایک گنجان علاقہ ہے جس میں دکانیں و دیگر عمارتیں اور رہائشی مکانات ساتھ ساتھ ہیں ۔ ادھر آگ کی واردات میں دکانوں میں موجود کافی سامان تباہ ہوچکا ہے تاہم اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

دریں اثناپولیس نے اس ضمن میں رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی کی ہدایت پر تنظیم کے ایک اعلی سطحی وفد نے میرواعظ منزل میں اے پی ایچ سی کے سابق چیرمین میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کی اور انہیں چار سال کی نظربندی کے بعد رہائی پر مبارکباد دی اور تنظیم کی چیر پرسن فریدہ بہن جی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی ان تک پہنچایا،وفد کی قیادت جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون کررہے تھے ، اس موقع پر وفد کے سربراہ عبدالرشید لون نے سینئر حریت رہنماء میرواعظ کو ان کی رہائی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم ان کی رہائی پر خوش ہے اور امید ہے کہ میرواعظ تحریک آزادی کشمیر کے موجودہ نازک دور میں اپنا اہم کردار اداکریں گے ،انہو ں نے تنظیم کی چیرپرسن فریدہ بہن جی کی جانب سے ایک خصوصی پیغام بھی میرواعظ تک پہنچایا ،اس موقع پر میرواعظ عمر فاروق نے وفد سے فریدہ بہن جی کی خیریت معلوم کی اورتنظیم کی جانب سے خیر سگالی جذبات و نیک خواہشات پر شکریہ اداکیا ، ملاقات کے موقع پر کشمیر کی آزادی ، مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندتمام کشمیری قیدیوں کی رہائی اور شہداء کشمیر کے لئے بھی خصوصی دعاء کی گئی۔