کراچی: ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد نےکہا ہےکہ ملیر میں نالوں پر بنی دکانیں جلدمسمارکردی جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایات کےمطابق نالوں پر بنی دکانوں کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، محکمہ اسٹیٹ کےایم سی کے کرایہ داروں کو فوری طور پر بقایات جات کی ادائیگی کے لیےچالان جاری کرے، کے ایم سی کی مارکیٹوں میں صفائی ستھرائی اور پانی و بجلی کے بہتر انتظامات کیے جائیں، یہ بات انہوں نےاپنے دفتر میں محکمہ اسٹیٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ، ڈائریکٹر ٹرمینل اور افسران بھی موجود تھے.
اجلاس کےدوران ڈائریکٹر اسٹیٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کے ایم سی کی مارکیٹوں کے دکانداروں کوادائیگی کے لیے چالان جاری کیے جارہے ہیں جبکہ نالوں پر بنی دکانوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق مسمارکرنےکے لیے کارروائی بھی جلد ہی شروع ہوگی، انہوں نے بتایا کہ کےایم سی کی مارکیٹوں میں قائم تجاوزات کو بھی ختم کیاجارہا ہے تاکہ وہاں کاروبار کرنے والے دکانداروں کو سہولت فراہم کی جاسکے اس کے علاوہ پانی و بجلی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے لیے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی میئرکراچی نےکہاکہ یہ تمام کام بروقت مکمل کر لیے جائیں، ہماری اوّلین ترجیح کے ایم سی کی مارکیٹوں کو بہتر بنانا اور تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے جس کے لیے اقدامات شروع کردیئےگئے ہیں۔