بطور کپتان ورلڈکپ میں جارہا ہوں، کوشش ہوگی ٹرافی لے کر آئیں، بابراعظم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ خود سے زیادہ مجھے میری ٹیم پر اعتماد ہے،انہی کھلاڑیوں نے ٹیم کو نمبر ون بنایا اور یہی میچز جتو ائیں گے،بطور کپتان ورلڈکپ میں جارہا ہوں، کوشش ہوگی کہ ٹرافی لے کر آئیں ، بھارت میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا دباؤ نہیں، ایشیا کپ میں جو غلطی ہوئی، ورلڈ کپ میں نہیں دہرائینگے، نسیم شاہ کے بعد سب سے بہتر آپشن حسن علی ہی تھے۔

آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت روانگی سے قبل منگل کو پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ انہی کھلاڑیوں نے پاکستان کو نمبر ون بنایا ہے، مجھے پتہ ہے کہ کون میرے لیے اور ٹیم کے لیے فائٹ کرتا ہے۔ورلڈکپ سے متعلق بابر اعظم نے کہا بھارت میں پہلی مرتبہ کھیلنے کا دباؤ نہیں ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا کرے۔بابر اعظم نے نسیم شاہ کی انجری سے متعلق کہا کہ ورلڈکپ میں اس کی کمی محسوس ہوگی، اسے ہم کافی یاد کریں گے، وہ شاہین کے ساتھ جیسی بولنگ کرتا تھا وہ ہمیں مختلف وائب دیتا تھا، نسیم کے بعد جو بہترین چوائس تھی اسے ٹیم میں لائے ہیں۔

قومی کپتان نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق ، کوچ مکی ا آرتھر کی مشاورت سے حسن علی کو منتخب کیا کیونکہ اس کے پاس تجربہ بھی ہے، ابھی نہیں بتاسکتا کہ شاہین کے ساتھ کون نیا گیند کرے گا۔بابر اعظم نے مزید کہا کہ ‘میرے اور شاہین کے درمیان اتنا ہی پیار ہے جتنا خاندان کے افراد کے درمیان ہوتا ہے۔