لاڑکانہ: نگراں وزیر بلدیات مبین جمانی کی لاڑکانہ آمد، میونسپل کارپوریشن، ٹاون کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسلز، ہاوسنگ ٹاون پلاننگ و بحالیات کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، نگراں وزیر کا کہنا ہےکہ عوام کو سہولیات دہلیز تک پہنچانا ترجیح ہے، گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کے بغیر ترقی ممکن نہیں، کراچی کے 7 اضلاع سے اب تک 1100 سے زائد گھوسٹ ملازمین کی شناخت کرلی گئی، افسران عوام کی خدمت اور ان کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔وعدہ ہے جائز مطالبات اور کام کو رکاوٹ کے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچاوں گا۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات کے گھوسٹ ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا، گھوسٹ ملازمین سے 8 ہزار روپے تک رشوت وصول کی جارہی ہے۔محکمہ لوکل گورنمینٹ کو گھوسٹ ملازمین سے نجات دلا کر کرپشن کا خاتمہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، سندھ کابینہ کے 10 وزراء میں سے کوئی بھی کسی کا دوست نہیں۔ نگراں صوبائی وزیر نے لاڑکانہ پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں لاڑکانہ پریس کلب کے صدر مرتضیٰ کلہوڑو نے صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔