جشن آمد رسولﷺ،کراچی رنگ و روشنیوں میں ڈوب گیا

 

 

کراچی : جشن میلاد النبیﷺ مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منانے کیلئے کراچی سمیت سندھ بھرمیں تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں،کراچی میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے گلیوں چوراہوں کو سجانے کے بعد شہر رنگ و نورمیں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہورہی ہیں،کراچی کے مختلف علاقوں میں گلیوں اورمحلوں کو برقی قمقوں سے سجادیا گیا،عاشقان رسول مختلف تقاریب میں جوق درجوق شرکت کرتے نظرآتے ہیں،کراچی میں مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا جس سے پورا شہرجگمگا اٹھا، ان علاقوں میں کھاردر،میٹھادار، لیاقت آباد، نمائش، صدر،لیاری، کیماڑی، ملیر،گرومندر شامل ہیں،جامع مسجد آرام باغ، کنزلاایمان مسجد ، نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، فیضان مدینہ، دارالعلوم نعیمیہ ، دارالعلوم امجدیہ بہادرآباد، بادامی مسجد سمیت سیکڑوں مساجد کو برقی قمقموں اورسبزلائٹوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

میلاد الائنس پاکستان،جماعت اہلسنت،سنی تنظیمات،میلاد کمیٹیوں اورانجمنوں کے تحت شہربھرمیں میلاد مصطفی ریلیوں،جلوسوں اور محافل نعت کا انعقاد کیا جارہا ہے،برنس روڈ،پاکستان چوک، کھارادر،بولٹن مارکیٹ،رنچھوڑ لائن،گارڈن، پاک کالونی،شاہ فیصل کالونی،محمودآباد،گلبرگ،نیوکراچی،کورنگی،لانڈھی،سخی حسن،اورنگی ٹاؤن،بلدیہ ٹاؤن ،لیاقت آباد،ناظم آباد اوردیگرعلاقوں میں بھی شاہراہوں اورچورنگیوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔