نیول چیف امجد نیازی 7اکتوبر کو سبکدوش،نئے سربراہ کیلئے 5نام ارسال

اسلام آباد : پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی 7 اکتوبر کو سبکدوش ہوجائینگے، پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے تقرر کیلئے پاک بحریہ کے 5سینئر افسران کا پینل وزارت دفاع کی جانب سے وزیر اعظم آفس بھجوا دیا گیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمری کی روشنی میں 23ویں سربراہ کا تعین کر ینگے۔ ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی تعنیاتی کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے پانچ افسران کا پینل وزارت دفاع کو بھجوا دیا گیا، وزارت دفاع نے حتمی انتخاب کیلئے سمری وزیراعظم آفس کو بھجوا دی، وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف سینئر ترین آفیسر ہیں، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنز وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی دوسرے نمبر پر ہیں، کمانڈر نیول سٹریٹجک فورسز وائس ایڈمرل عبدالصمد تیسرے نمبر پر ہیں، کمانڈر کوسٹل ایریا وائس ایڈمرل راجہ ربنواز چوتھے نمبر پر ہیں، پانچویں پر پاکستان فلیٹ کمانڈر وائس ایڈمرل فیصل عباسی ہیں۔