غلط فیصلوں سے پاکستان استعمار کا راجواڑہ بن گیا، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کے غلط فیصلوں سے پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور استعمار کا راجواڑہ بن گیا، ملک 25 کروڑ عوام کا، فیصلے آئی ایم ایف کرتا ہے، حالات یہ ہیں کہ آئندہ حکومت کے لیے بھی ٹیکسز اور مہنگائی کا روڑمیپ تیار کرلیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوشاب میں مقامی میڈیا کے نمائندوں اور جماعت اسلامی کے رکن اور علاقے کی اہم سماجی شخصیت خالق داد بھٹی کی نماز جنازہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے اس موقع پر نیدرلینڈ میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسلامی دنیا کے حکمرانوں اور او آئی سی سے ایک بار پھر پرزور مطالبہ کیا کہ امت کے جذبات کی موثرترجمانی کی جائے ۔اسرائیل ایک ناجائزریاست ہے ، اسلامی ممالک کی جانب سے اسے تسلیم کرنے سے تحریک آزادی فلسطین بری طرح متاثر ہوگی۔ اسلام آباد کی جانب سے اسرائیل کوتسلیم کرنے کی کسی بھی حرکت کوپاکستانی قوم سختی سے دفن کردے گی۔ دوسری طرف سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بدھ کو توانائی سیکٹر کی مجموعی صورت حال پر وائٹ پیپر جاری کرے گی ۔