الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست آج جاری کرے گا

اسلام آباد (اُمت نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست آج جاری ہو گی ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کر لیا، الیکشن کمیشن آج ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا ۔

چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی منظوری کے بعد ابتدائی فہرست جاری ہوگی، پنجاب میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 5 ہزار 595  جبکہ سندھ میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 13 ہزار رکھا گیا ہے ۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 7 ہزار 913 کی آبادی پر مشتمل ہوگا جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 ہوگا۔

اسلام آباد کیلئے قومی اسمبلی کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 رکھا گیا ہے ۔

پنجاب صوبائی اسمبلی کیلئے کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہو گا جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431 رکھا گیا ہے ۔

اسی طرح کے پی کے اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 3 لاکھ 55 ہزار 270 نفوس پر مشتمل ہوگا ، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 نفوس پر مشتمل ہوگا ۔

الیکشن کمیشن اعتراضات 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک نمٹائے گا ، حلقہ بندیوں پر تجاویز ، اعتراضات 27 ستمبر سے 28 اکتوبر دائر ہو سکیں گی جبکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کرے گا۔