اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری پر سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی ،اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فواد چوہدری کی استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے 3 اکتوبرکی تاریخ مقررکردی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے کیس کی سماعت کی۔
ملزم فواد چوہدری عدالت پیش نہ ہوئے، اور ان کے وکیل قمرعنایت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی اور مؤقف پیش کیا کہ میرے مؤکل کی والدہ بیمار ہیں اور فواد چوہدری کو لاہور جانا پڑا، جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے حاضری سے فواد چوہدری کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے ہدایت کردی ہے، اور فواد چوہدری کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 3 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔