راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں خواتین نے مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار دورہ پشاور کے دوران خواتین سمپوزیم سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔ آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا ۔ پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے۔ آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔