یونان میں بھیڑوں کا ریوڑ 272 کلو بھنگ چٹ کر گیا

ایتھنز: یونان میں بھیڑوں کے ریوڑ نے گرین ہاؤس میں گھس کر تباہی مچادی۔ بھیڑوں نے 272 کلو سے زیادہ کی مقدار میں طبی استعمال کے لیے اگائے جانے والے بھنگ کے پودے کھالیے۔یونانی علاقے میگنیسیا سے تعلق رکھنے والے ییانِس بورونِس کا کہنا تھا کہ ان کی فصل شدید گرمی اور حال ہی میں آنے والے سیلابوں کی وجہ سے خراب ہوگئی تھی جبکہ بچے کچے پودے بھیڑوں کی نذر ہوگئے۔

ان کے اندازے کے مطابق بھیڑوں نے 272 کلو سے زیادہ وزن کے پودوں کو کھایا۔ان کا کہنا تھا کہ بھنگ کے پودے کھانے کے بعد بھیڑوں نے بکروں سے زیادہ اونچی چھلانگیں لگانا شروع کر دی۔یونان میں 2017 میں طبی استعمال کے لیے بھنگ کی کاشت قانونی قرار دی گئی تھی جس کے بعد اس سال پہلا پیداواری پلانٹ کھولا گیا تھا۔