انسداد دہشتگردی عدالت،سانحہ 9 مئی کا چالان جمع، عمران خان قصوروار قرار

لاہور(اُمت نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے متعلق چالان جمع کروا دیا گیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
9 مئی واقعات سے متعلق جناح ہاؤس حملہ سمیت 11مقدمات کا چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔ پراسکیوشن کی جانب سے 11مقدمات کا چالان جمع کروایا گیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی ، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید قصوروار قرار دیے گئے ہیں۔
چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ،خدیجہ شاہ ، صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس ، عسکری ٹاور حملہ ،شادمان تھانہ جلانے کے مقدمے کا چالان جمع کروایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کرنے کے مقدمے کا چالان بھی جمع کروادیا گیا ۔
جسٹس مظاہر نقوی کے اسکواڈ کی گاڑی کو جلانے کے مقدمے کا چالان بھی عدالت میں جمع کروایا گیا ہے۔