راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا اور لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پاک فوج کے سپہ سالار کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں، غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔