کراچی : سیالکوٹ سے جدہ جانیوالے پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے میں جمعرات کو دوسری بار آتشزدگی کا سگنل موصول ہونے پرطیارے کو کراچی اتارلیا گیا،ہنگامی طورپرکراچی ایئر پورٹ پر اتارے گئے قومی ایئر لائن کے بوئنگ طیارے میں بدھ کو بھی جدہ سے سیالکوٹ آتے ہوئے آتشزدگی کا سگنل ملا تھا،ایوی ایشن حکام کے مطابق جمعرات کو پرواز پی کے 745 میں روانگی کے ڈیڑھ گھنٹے بعد فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کو کراچی اتارلیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بوئنگ طیارے کے بنکرمیں آتشزدگی کا سگنل موصول ہوا تھا جس کے بعد بوئنگ 777 طیارے نے کراچی میں ٹیکنیکل لینڈنگ کی، مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا،ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں آتشزدگی کے شواہد نہیں ملے،طیارے کو کلیئر کردیا گیا علاوہ ازیں 12 ربیع الاول پرعمرے پرجانے والوں کا جہازکراچی میں اتارے جانے اورمسافروں کو سہولیات کی عدم فراہمی پرزائرین نے قومی ایئرلائن کیخلاف کراچی ائیرپورٹ پراحتجاج کیا۔
عمرہ زائرین کا کہنا تھا کہ پرواز پہلے ہی 32 گھنٹے تاخیرسے روانہ ہوئی پھراسے کراچی میں اتارلیا گیا،زائرین نے پی آئی اے حکام کے خلاف ائیرپورٹ پرنعرے بازی کی دریں اثناء 7 گھنٹے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرپھنسے سیالکوٹ کے عمرہ زائرین متبادل طیارے سے جدہ روانہ کردیا گیا،سیالکوٹ سے روانہ ہونے والے 300 عمرہ زائرین 7 گھنٹے کراچی ایئرپورٹ پررہے۔