برکینا فاسو میں فوجی بغاوت کا منصوبہ ناکام، 4اعلیٰ افسر گرفتار

اواگادوگو:  افریقی ملک برکینا فاسو میں فوجی بغاوت کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، حکومت نے4اعلیٰ فوجی افسروں کو حراست میں لے لیا ہے۔فوجی پراسیکیوٹر احمد سونتورا نے بتایا کہ زیر حراست افسر حکومت کیخلاف بغاوت کا منصوبہ تیار کر چکے تھے تاہم اس پر عملدرآمد کرنے سے پہلے ہی انہیں پکڑ لیا گیا، 2 افسر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار افسروں کی شناخت جاری نہیں کی گئی تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق ان میں سپیشل فورسز کے 2 اعلیٰ عہدیداربھی شامل ہیں۔

فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹیلی جنس اور سکیورٹی فورسز نے مل کر بغاوت کا منصوبہ ناکام بنایا، جس پر عملدرآمد کی صورت میں بہت خونریزی کا خدشہ تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ 8ماہ کے دوران برکینا فاسو میں 2 فوجی بغاوتیں ہو چکی ہیں، دوسری بغاوت کے نتیجے میں کیپٹن ابراہیم تارورے نے اقتدار سنبھالا تھا جو تاحال حکمران ہیں۔