حیدر آباد(اُمت نیوز)آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف دے دیا۔
حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
بابر اعظم 80 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرد ہوگئے، سعود شکیل 75 رنز اور شاداب خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
18 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا تاہم 45 منٹ کے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوگیا۔
وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کررہے ہیں، کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کیخلاف ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلیں گے وہ آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کریں گے جبکہ جنوبی افریقا کیخلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔