ژوب،دہشتگردوں کا حملہ، 4 جوان شہید، جوابی فائرنگ سے تین دہشتگرد ہلاک

 

راولپنڈی (اُمت نیوز) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب ژوب میں کارروائی کر کے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سمبازہ کے قریب کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے دہشت گرد افغانستان سے پاکستان میں آنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 4 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ژوب میں سمبازہ کے قریب دہشتگردی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاک فوج کے 4 جوان شہید ہونے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ پوری قوم پاک فوج اور اپنے سکیورٹی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے، پاک فوج کے سپاہیوں نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری اور جرات مندی سے مقابلہ کیا، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔