مستونگ (اُمت نیوز)مستونگ میں مذہبی جلوس اور ہنگو میں نمازیوں پر ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم شدت پسند تنظیم کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے ایک بیان میں ان دونوں حملوں سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگو کی مسجد اور مستونگ میں ہونے والے دھماکے افسوسناک ہیں اور تنظیم ان دونوں حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ مساجد ، مدارس، سکول اور عوامی اجتماعات تنظیم کے اہداف میں شامل نہیں اور جمعے کو ہونے والے دونوں دھماکوں سے اس کوئی تعلق نہیں۔
یاد رہے کہ آج جمعے کے روز بلوچستان کے شہر مستونگ میں الفلاح روڈ پرعید میلادالنبی کے جلوس کے قریب کیے جانے والے خود کش دھماکے میں 52 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ہنگو میں بھی تھانہ دوآبہ کے قریب واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکوں سے 5 افراد شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔