مظفرآباد(اُمت نیوز)آزادی چوک پر پولیس کی بھاری تعداد نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا کیمپ اکھاڑدیا۔
مظفرآباد میں ریاستی رٹ بحال کرنے کیلیے پولیس اورانتظامیہ حرکت میں آگئی ہے، اور مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے عوامی ایکشن کمیٹی کیخلاف دیئے گئے دھرنے کو منتشر کرنے کے لئے بڑی تعداد میں پولیس آزادی چوک میں جمع ہوگئی۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کال پر مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو پھاڑ کر اور کشتیاں بنا کر دریائے نیلم میں بہا دیا، اور آزادی چوک پر دھرنا دے دیا، تاہم پولیس نے دھرنا کیمپ کو اکھاڑ دیا، اور عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں، جب کہ قائدین کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس ایکشن کی خبر ملتے ہی آپریشن کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر اپر اڈا شہید چوک میں عوام جمع ہونا شروع ہوگئے۔
شہر کے چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، اور مظاہرین کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کیلئے پولیس اور انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے، جب کہ دارالحکومت مظفرآباد میں مظاہرین اور پولیس میں تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔