لندن (اُمت نیوز)سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سینئر رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف انتقام کے بجائے ملک ٹھیک کرنے پر توجہ دیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پارٹی کا بیانیہ نواز شریف نے طے کیا، ایک ہی کام ہوسکتا ہے، ملک کو ٹھیک کریں یا پھر انتقام لینے میں لگ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد نے 2017 کے کرداروں کے احتساب کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا جس کے بعد نواز شریف پر ظلم کرنے والے رسوا ہوئے، کم عرصے میں سب کردار بے نقاب ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لندن میں لیگی اعلیٰ قیادت کی اہم بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، وہ 21 اکتوبر کو ہی وطن واپس آئیں گے۔