صومالیہ،چائے کی دکان پر خودکش بم دھماکہ، 7 افراد ہلاک

موغادیشیو (اُمت نیوز ) صومالیہ کے دار الحکومت موغا دیشیو میں چائے کی دکان پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد اور طبی عملے نے بتایا ہے کہ جمعہ کی سہ پہر ہونیوالا یہ دھماکہ پارلیمنٹ اور صدر کے دفتر کی طرف جانے والی سڑک پر ایک چوکی پر ہوا، اس دکان پر اکثر فوجی آتے رہتے تھے۔

پولیس کے ترجمان کابتانا ہے کہ بمبار القاعدہ سے منسلک گروہ ’’الشباب‘‘ کا رکن تھا، حملہ آور نے چائے پینے کیلئے بیٹھے افراد کو نشانہ بنایا ، جائے وقوعہ پر موجود ایک عینی شاہد اور طبی عملے نے مرنے والوں کی تعداد سات اور زخمیوں کی تعداد آٹھ بتائی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق دھماکے کی جگہ پر موجود ایک عینی شاہد کاکہنا ہے کہ زخمیوں میں سے زیادہ تر فوجی تھے۔

عرب میڈیا کاکہنا ہے کہ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے ، ماضی میں، القاعدہ سے منسلک الشباب گروپ نے موگادیشو اور صومالیہ کے دیگر حصوں میں ایسے ہی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ راوں سال جون میں الشباب نے موگادیشو کے جنوب مغرب میں ایک حملے میں یوگنڈا کے 54 فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔