اسلام آباد(نمائندہ امت/ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک ) 12 ربیع الاول کو میلادالنبیؐ کے موقع پر بلوچستان اور خیبر پختون میں دہشت گردی کے واقعات اور بد امنی پھیلا نا دشمن کی ایک اور گھناؤنی سازش ہے ۔تاہم دشمن ایسے ہتھکنڈوں سے پاکستانی قوم اور سیکورٹی اداروں کا عزم متزلزل نہیں کرسکتا
۔مستونگ دہشت گردی میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کہ اس بات کا ثبوت دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ جبکہ اس واقعہ کے بعد مستونگ کے عوام کا جذبہ ایثار ملی اخوت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔
ادھر ہنگو کی مسجد میں ہونے والے خود کش حملے میں پولیس نے جرات اور بہادری سے ایک بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔جب کہ ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردی کی ایک کارروائی کے نتیجے میں چار سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ۔ حال میں ہی کینیڈا میں سکھوں کو قتل کرنے میں مودی سرکاری اور را براہِ راست ملوث پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے بھارت دنیا میں دہشت گرد اسٹیٹ بن چکاہے ۔
بھارتی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس امر کی توثیق کی ہے کہ بھارت ڈی ایس پی کے بدلے ڈی ایس پی کی جان لے کے اسے اپنی فتح گردان رہا ہے۔ ٹی ٹی پی، داعش وغیرہ کو ڈالرز دے کر پاکستان میں بد امنی پھیلا نے میں ملوث ہیں ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے بلوچستان کے اندر دہشت گردی کرانے کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان پہلے بھی دنیا کو دے چکا ہے – کلبوشن یادیو رنگے ہاتھوں بلوچستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے پکڑا جا چکا ہے۔
یہ بات عالم آشکار ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی، داعش اور بلوچ دہشت گرد دشمن کے آلہ کار ہیں اور زیادہ تر افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں اور ڈالرز کے لئے کسی بھی طرح کا مذموم کام ،جس سے ان کے مقاصد پورے ہوتے ہوں،کرنے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
دوسری جانب دہشت گردی کی ان کارروائیوں کے تانے بانے افغان سرزمین سے بھی ملتے ہیں جو مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ یہ واقعات پاکستان کے اس بارے موقف کی توثیق کرتے ہیں کہ افغانستان مسلسل پاکستان مخالف ٹی ٹی پی اور داعش کی آماجگاہ رہا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی آباد افغان مہاجرین کے انخلا کو یقینی بنایا جائے ۔اور ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی عوام سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہمیشہ کی طرح شانہ بشانہ کھڑے رہیں اور کسی بھی مشکوک پہلو کی بروقت نشاندہی کر کے سیکورٹی فورسز کو ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کرنے میں مدد فراہم کریں۔