بھارت،پاکستانی ٹیم کا حیدر آباد کے مشہور ریسٹورنٹ میں عشائیہ

حیدرآباد دکن (اُمت نیوز) ورلڈکپ ٹور پر بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ رات حیدر آباد دکن کے معروف ریسٹورنٹ میں عشائیہ کیا جس کا مینیو اور تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔

قومی ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم منیجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی سکواڈ کے اراکین نے روایتی پان بھی کھایا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ سٹاف اور ویٹرز کے ساتھ تصاویر بنوائیں، کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ میں آئے عام لوگوں کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔

عشائیے کے حوالے سے پی سی بی کے میڈیا منیجر احسن افتخار ناگی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے حیدر آباد دکن کی مختلف ڈشز کے حوالے سے بتایا۔

احسن افتخار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ دوسری تصویر خوبانی کا میٹھا جبکہ تیسری تصویر پیاز کی کھیر ہے، باقی تصاویر میں پان اور میٹھے کی دیگر ڈشز دیکھی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈولڈ ہے جبکہ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔