کوئٹہ: نگراں وزیراطلاعات بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے، شدید زخمی کو5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ سے دہشتگردوں کو فائدہ ہوتا ہے، جس کی روک تھام کیلئےاقدامات کیےجائیں گے، ایرانی تیل کے حوالے سے اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔
جان اچکزئی نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہے، دہشت گردی سے پڑوسی ملک تانے بانے ملتے ہیں، پہلے بھی دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے رہے ہیں، دشمن منظم انداز میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے مگر وہ کامیاب نہیں ہوگا۔
انھوں نے کہاکہ پاکستان کےعوام بالخصوص بلوچستان کے باسی دہشت گردوں کیخلاف کھڑے ہیں، تمام ریاستی طاقت سے دہشت گردی کو شکست دیں گے، ہم ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔
نگراں وزیراطلاعت نے مستونگ دھماکے کے شہدا کے لواحقین کو فی کس 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سانحے کے شدید زخمی کو 5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں تاکہ پیکج کو بڑھایا جا سکے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مستونگ میں 56 افراد شہید ہوئے، سانحے پر ہر پاکستانی نے دکھ کا اظہار کیا، ہم شہداء کے لواحقین کی جتنی ممکن ہوگی مدد کریں گے، جلسے جلوس ہر شہری کا حق ہے، ہمارا کام سیکیورٹی دینا ہے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس وژن کا اظہار کیا کہ سانحہ مستونگ کا بدلہ لیا جائےگا، دہشت گردی کو روکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے شہدا کا بدلہ ضرور لیں گے اور دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکالیں گے۔