لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آ رہے ہیں، ان کا مقصد نظام کی اصلاح اورعوام کی فلاح ہے۔
لاہور میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ والنٹئیرز کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی قائد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو استقبال پر مشاورت ہوئی۔
مریم نواز نے یوتھ والنٹیئرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بھی آپ اور عوام سے ایسے ہی محبت کرتے ہیں، 21 اکتوبر کوعوام ثابت کریں گے کہ ان کا قائد صرف نواز شریف ہے۔
چیف آرگنائزر نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، وہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آرہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ انہیں سرخرو اورسربلند کیا، ان کا مقصد نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف معیشت بحال، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، اور ملک میں روزگار و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔