کراچی: گزشتہ روز دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو 104 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی بریک ڈاؤن کل صبح پانچ بجے ہوا اور سات بج کر بیس منٹ پر بجلی بحال ہوئی، بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ پی آر آر سی کی لائن نمبر دو، ایم ایس کی لائن نمبر پانچ سمیت تھرڈ فیز کا مینو فولڈ متاثر ہوئے، ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ ایم ایس لائن نمبر پانچ کا مرمتی کام رات ایک بج کر بیس منٹ پر مکمل کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ پی آر آر سی لائن نمبر دو کا مرمتی کام جاری ہے جو اگلے 4 روز میں مکمل ہوگا اور تھرڈ فیز مینو فولڈ کا مرمتی کام اگلے 48 گھنٹوں میں مکمل ہوگا، انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز بجلی بریک ڈاؤن کے باعث کل واٹر کارپوریشن کے سرکاری ہائیڈرنٹس کو بھی پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا اس ضمن میں شہریوں سے التماس ہے کہ پانی احتیاط سے استعمال کرتے ہوئے پانی کا ذخیرہ کریں۔