کراچی : قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے آخری دن راولپنڈی نے فیصل آباد کو 7 وکٹوں اور پشاور نے لاہور بلیوز کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سرفراز احمد نے ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی تاہم کراچی وائٹس اور لاہور وائٹس کے میچ کا بھی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔ ملتان اور فاٹا کا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی وائٹس نے اپنی پہلی اننگزمیں 5 وکٹوں پر784 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا۔
کپتان سرفراز احمد کی لاہور وائٹس کے خلاف شاندار ناقابل شکست ڈبل سنچری تھی، کپتان سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 236 گیندوں پر 200 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں 24 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ سرفراز احمد کی اس قائداعظم ٹرافی میں دوسری سنچری ہے علاوہ ازیں وہ دو نصف سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بلے باز رمیز عزیز نے پندرہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 151 رنز اسکور کیے۔
سرفراز احمد اور رمیز عزیز نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 351 رنز کا اضافہ کیا۔ لاہور وائٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 509 رنز اسکور کیے تھے۔ ایبٹ آباد میں پشاور ریجن نے لاہور بلیوز کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پشاور کو جیتنے کے لیے 190 رنز بنانے تھے۔ کامران غلام نے 50 رنز اسکور کیے۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں فاٹا اور ملتان کا میچ ڈرا ہوگیا۔ پنڈی اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ راولپنڈی کو جیتنے کے لیے 203رنز کا ہدف ملا تھا، عبدالفصیح نے 17 چوکوں کی مدد سے109 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔