چین کا چاند پر بھیجے جانے والا مشن پاکستانی سیٹلائیٹ بھی لیکر جائیگا

بیجنگ :  چاند کیلئے چین کا نیا مشن چینگ ای 6 پاکستان کے ایک سیٹلائیٹ کو بھی وہاں لے کر جائے گا۔ چائنا نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے) نے سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر اپنے بیان میں بتایا کہ چینگ ای 6 مشن 2024 کی پہلی ششماہی میں چاند کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

یہ مشن پاکستان، یورپین سپیس ایجنسی، فرانس اور اٹلی کے پے لوڈ کو اپنے ساتھ چاند پر لے کر جائے گا۔ چینگ ای 6 مشن میں فرانسیسی انسٹرومنٹ موجود ہوں گے جو ریڈیو ایکٹیو گیس کی جانچ کریں گے۔ اسی طرح یورپین سپیس ایجنسی کے نیگیٹیو آئیون ڈیٹیکٹر اور اٹلی کے کیلیبریٹ راڈار سسٹم کو بھی یہ مشن اپنے ساتھ چاند پر لے جائے گا۔

بیان کے مطابق پاکستان کے کیوب سیٹ نامی منی ایچر سیٹلائیٹ کو بھی چاند کے مدار پر پہنچایا جائے گا۔ سی این ایس اے نے بتایا کہ بین الاقوامی تعاون میں اضافے کے لیے یہ مشن 4 ممالک کے پے لوڈ اور سیٹلائیٹس کو اپنے ساتھ لے جائے گا۔ چینگ ای 6 مشن چاند کے تاریک حصے میں جاکر وہاں کی سطح سے نمونوں کو اکٹھا کرکے زمین پر واپس آئے گا۔