میڈرڈ: اسپین کے شہر مُرسیا کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث کم از کم 13 افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق 3روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ، پولیس نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ حکام نائٹ کلب میں آتشزدگی کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ ان کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے دو منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔پولیس ترجمان کے مطابق سنیچر کی رات کلب میں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سالگرہ کے تمام شرکا ابھی تک نہیں ملے۔
پولیس ترجمان ڈیاگو سیرل نے مزید کہا کہ آگ کلب کے پہلی منزل پر لگی۔حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار نائٹ کلب میں آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔مُرسیا کے میئر نے تین دن سوگ کا اعلان کیا ہے۔ میئر جوز بیلستا نے کہا کہ 40 فائر فائٹرز اور 12 ایمرجنسی گاڑیوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔