کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام ملیرسعود آباد روڈ پرعوامی جلسہ کا انعقاد کیا گیا،جس میں کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی،سینئرڈپٹی کنوینرزسید مصطفی کمال،ڈاکٹرفاروق ستار،نسرین جلیل،ڈپٹی کنوینرانیس احمد قائم خانی،خواجہ اظہارالحسن،عبدالوسیم و اراکین رابطہ کمیٹی،حق پرست سینیٹرزسید فیصل سبزواری اورخالدہ اطیب نے شرکت کی۔
اس موقع پرخالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی نہیں انقلابی جلسہ ہے ہم یہاں الیکشن جیتنے نہیں بلکہ دل جیتنے آئے ہیں اس شہراوراس ملک کے وارث یہاں بیٹھے ہیں ملیراورشہرکراچی دیکھ لو تمہارے وارث اور نگہبان واپس آگئے،22 اگست کے بعد ایم کیوایم بکھرنہیں، نکھررہی ہے تبدیل نہیں ہورہی تجدید ہورہی ہے انتخابات ہماری منزل نہیں ہماری منزل کا راستہ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہداء قبرستان بھرنے نہیں آئے ہم زندہ قوم کو منزل پرلیکر پہنچنے آئے ہیں اورہم یہاں یہ بتانے آئے ہیں کہ ہم اس ملک کے وارث ہیں اورہم نے 22 لاکھ نفوس کی قربانی دیکرملک حاصل کیا جو اس شہرکے صدقہ میں پل رہے ہیں وہ زیادہ ترقی کررہے ہیں اورایم کیوایم اب یہ ناانصافی نہیں ہونے دیگی ہمیں ایوانوں کی ضرورت نہیں بلکہ ایوانوں کو ہماری ضرورت ہے،جب تک امن،خوشحالی اور ترقی کراچی میں داخل نہیں ہوگی تو یہ ملک ترقی نہیں کریگا۔
سینئرڈپٹی کنوینرسید مصطفی کمال نے کہا کہ آج کا یہ جلسہ صرف ملیر ٹاؤن کا جلسہ ہے کرسیاں ختم ہوگئیں میری مائیں،بہنیں اوربزرگ فرش پر بیٹھے ہیں آج ملیرٹاؤن نے فیصلہ دے دیا کہ ملیرایم کیو ایم پاکستان کا ہے اورجو شمع آج روشن کی ہے ہراس جگہ جائیگی جہاں ایم کیو ایم موجود ہے،15 سالوں سے پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت ہے جس نے ایک قطرہ پانی اضافی اس شہرکو نہیں دیا اورجو پانی آتا تھا وہ ہائیڈرنٹ کے ذریعے اربوں روپوں میں کراچی کے مظلوم عوام کو فروخت کیا جا رہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ آج اس ملک میں خبرچلتی ہے کہ پڑوسی ملک چاند پر چلاگیا اورہمارے بچے کھلے گٹرمیں گرکراپنی جان دے رہے ہیں۔
سینئرڈپٹی کنوینرڈاکٹرفاروق ستارنے کہا کہ آج ایم کیوایم پاکستان باقاعدہ اپنی انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے،کراچی کے تمام ٹاؤنزکل بھی ایم کیو ایم پاکستان کے تھے اورآج بھی ہیں،آج غلطیوں کے ازالے کا دورہے اورخوش خبریاں ہمارے دروازوں پردستک دے رہی ہیں،سندھ پر قابض وڈیروں سے کہتا ہوں کہ مت اتراؤ کراچی ہمارا ہے سندھ کے شہروں کو ملاؤ تو آدھا سندھ ہمارا ہے،جعلی ڈومیسائل بناکرکراچی کے نوجوانوں کی نوکریاں کھانے والوں سے حساب لینا ہے اورکراچی کے نوجوانوں کو انکا حق دلوانا ہے،ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی نے کہا کہ 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان کے مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالا گیا اب ہم ایسا نہیں ہونے دینگے،نسرین جلیل نے کہا کہ جاگیردارانہ نظام اورسوچ کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ میں سے لوگ ایوانوں میں جائیں۔