لاہور (اُمت نیوز)ملک بھرمیں نوے روزمیں الیکشن نہ کروانے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی اس درخواست میں صدر پاکستان، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق 90 روزمیں الیکشن کروانا لازم ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال 90 روز میں انتخابات کروانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
درخواست کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان الیکشن کمیشن کو بھی 90 روز میں الیکشن کروانے کیلئے خطوط لکھے گئے لیکن فلحال آئینی مدت کے دوران الیکشن کروانے کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اسمبلیوں کے تحلیل کے بعد اب 90 روز میں الیکشن کروانے کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 90 روز میں الیکشن کروانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے صدر پاکستان کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا جائے۔