اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ میں یہ کہہ دوں کہ اسمگلنگ میں اہلکاروں کی کوئی انوالومنٹ نہیں تھی تو یہ مناسب نہیں ، آرمی چیف نے واضح طور پر کہا ہے اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہوگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر میں یہ کہہ دوں کہ اسمگلنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی کوئی انوالومنٹ نہیں تھی تو یہ مناسب نہیں کیونکہ جتنی اسمگلنگ ہوئی وہ اونٹوں پر نہیں ہوئی ۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں اپنے لوگوں کو کہا ہے کہ میں اس میٹنگ کا حصہ تھا جس میں واضح ڈائریکشن دی گئی تھی کہ نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ وہ لوگ جو اس طرح کی پریکٹسز میں ملوث ہونگے، انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔ ان کے احتساب کا طریقہ کارچونکہ پبلک نہیں، وہ نظر نہیں آتا’۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ فوج کے احتساب کے نظام کو نہ صرف یہاں دیکھا گیا بلکہ نو مئی کو بھی دیکھا گیا، ’ان کا احتساب ہوتا ہے، ہمارے یہاں جو کمزوریاں ہیں، ان کے ازالے کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں اسمگلنگ کیخلاف بھرپورکارروائی کی، اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان ہو رہا تھا۔ ہم نے صوبوں کی ضروریات کا ڈیٹا اکھٹا کیا اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے چیک پوسٹیں بنائیں۔ ہم نے صحیح کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے اور مجرموں کےساتھ سختی سے نمٹیں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نےمعاشی بہتری کیلیےاقدامات اٹھائے، ہم نے چھاپوں میں 2ہزارمیٹرک ٹن سےزائد گندم اور 8 ہزارمیٹرک ٹن چینی بھی برآمد کی ہے۔چینی کی اسمگلنگ کوجدیدٹیکنالوجی سےروکا اور 10ہزار 195لیٹرغیرقانونی پٹرول بھی برآمدکیا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس مختصروقت ہے، ہم روزمرہ کی چیزوں کوبہترکررہے ہیں۔ ڈالر کو اس کی اصل قیمت پر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن میں سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہےداری ہے۔ ہماری جانب سے الیکشن کمیشن کےساتھ ہرطرح کاتعاون کیا جائےگا۔
نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق بیان کے بعد رانا ثناء کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ راناثناء اللہ میرے بڑے بھائی ہیں، محترم ہیں، میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے دل آزاری ہو۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف تووہ سیاستدان ہیں جوبیٹی کےساتھ جیل گئے، وہ وطن واپس آکرسیاست میں حصہ لیناچاہتےہیں توحوصلہ افزابات ہے۔