اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کل ہوگی،عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جائے گی، پی ٹی وی کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ بینچ صبح ساڑھے 9 بجے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد اس کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا یعنی سپریم کورٹ کے تمام 15 ججز اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
منگل کے روز ہونے والی عدالتی کارروائی بھی براہ راست ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے پی ٹی وی کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 18 ستمبر کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف آئینی درخواستوں پر سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔