لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر چیئرمین نادرا تعینات

اسلام آباد :  نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہلال امتیاز ملٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔

انہوں نے 2010ءکے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔ فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس اسٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا۔  اس وقت وہ نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں اور ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔