قاسم سلیمانی کا مجسمہ دیکھ کرسعودی فٹبال کلب کا کھیلنے سے انکار

ایران(اُمت نیوز)ایشین چیمپئنز لیگ میں سعودی اور ایرانی ٹیموں کے درمیان ہونے والا فٹ بال اسٹیڈیم کے داخلی راستے پر سابق ایرانی میجرجنرل قاسم سلیمانی کے مجسمے کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔ سعودی ٹیم نے مجسمے کی موجودگی پر کھیلنے سے ہی انکار کردیا۔

ایران کے شہر اصفہان کے نغمش جہاں اسٹیڈیم میں سعودی عرب کے الاتحاد اور ایران کے سیپاہان کے درمیان میچ پیر 2 اکتوبر کو شیڈول تھا۔ تاہم سعودی کلب نے قاسم سلیمانی کے مجسمے کے سبب میدان میں داخلے سے ہی انکار کردیا جس کے بعد میچ منسوخ کرنا پڑا۔

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ایک بیان میں کہا کہ اے ایف سی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، تماشائیوں اور اس میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اب معاملہ متعلقہ کمیٹیوں کو بھیجا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں قاسم سلیمانی کا مجسمہ فٹ بال پچ کے داخلی دروازے پر رکھا ہوا دکھائی دے رہا ہے جسے ٹنل سے باہر نکل کر میدان میں آنے والے کھلاڑیوں کے سامنے نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا تھا۔