ڈھاکہ (اُمت نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ میں تنازعات سے بچنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کے انٹرویوز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میگا ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل کپتان شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال کے درمیان لفظی گولہ باری ہوئی جس کے بعد تمیم کو ورلڈکپ سکواڈ سے باہر کردیا گیا۔
بی سی بی نے مزید کسی تنازع سے بچنے کے لیے بورڈ سٹاف اور کوچز کو ٹیم، پلیئرز یا میگا ایونٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاریوں سے متعلق انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی ہے، ان میں سے کسی کو بھی میڈیا سے بات چیت کے لیے پہلے بورڈ سے اجازت لینا ہو گی۔
واضح رہے کہ بنگال ٹائیگرز ورلڈکپ مہم کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف میچ سے کریں گے۔