بھارت(اُمت نیوز)بھارت نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ 10 اکتوبر تک اپنے 41 سفارت کاروں کو واپس بلالے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔
کینیڈا کی وزارت خارجہ اور بھارتی حکومت نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم اس سے قبل نئی دہلی نے کہا تھا کہ وہ ہر ملک کے سفارت کاروں کی تعداد اور گریڈ میں دوسرے ملک کے مقابلے میں ’برابری‘ چاہتا ہے۔
فنانشل ٹائمز نے کے مطابق بھارت نے دھمکی دی ہے کہ 10 اکتوبرکے بعد باقی رہ جانے والے سفارت کاروں کا سفارتی استثنیٰ منسوخ کردیا جائے گا۔
کینیڈا کے ہائی کمیشن میں بھارت کے مقابلے میں کئی درجن زیادہ سفارت کارموجود ہیں، کیونکہ تقریبا 1.3 ملین کینیڈین شہریوں کے رشتہ داروں کے لیے بڑے قونصلر سیکشن کی ضرورت ہے۔
فنانشل ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارت میں کینیڈا کے 62 سفارت کار ہیں اور نئی دہلی کا کہنا ہے کہ وہ ان میں 41 افراد کی کمی کریں۔
اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں ہمارے سفارت کاروں کیخلاف تشدد کی فضا اور ڈرانے دھمکانے والا ماحول تھا جہاں سکھ علیحدگی پسند گروپوں کی موجودگی نے بھارت کو تنگ کررکھا ہے۔