محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی ، میرٹ پر ضلعی تعلیمی افسران لگائیں، فائل فوٹو
محکمہ تعلیم میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی ، میرٹ پر ضلعی تعلیمی افسران لگائیں، فائل فوٹو

غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو یکم نومبر تک پاکستان چھوڑنے کی مہلت

اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا کہنا ہے کہ یکم نومبر کے بعد غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کریں گے، یکم نومبر کے بعد کوئی بھی بغیر ویزہ اور پاسپورٹ ملک میں داخل نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کی صدارت میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی جا رہی ہے۔ غیرقانونی طور پر مقیم افراد جائیدادیں فوری بیچ دیں، اب پیپر تذکیرہ نہیں چلے گا صرف ای تذکیرہ اور پاسپورٹ پر داخلہ ممکن ہوگا۔ 5نومبر کے بعد جو بھی آئے وہ ویزہ لے کر پاکستان آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی جان ومال کا تحفظ ہمارے لئے اہم ہے۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ پاکستانی شناختی کارڈ ہولڈر افغانیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا تاکہ فیملی ٹریز میں غیرقانونی طور پر شامل کیے گئے افغانیوں کا پتا لگایا جاسکے۔

نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیرقانونی پاسپورٹ بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی معلومات، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی معلومات فراہم کریں، معلومات دینے والے کا نام خفیہ اور راز میں رکھا جائے گا اور انعام بھی دیا جائے گا۔ عوام ویب پورٹل کے ذریعے معلومات دے سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پاکستان صرف آئین و قانون کے مطابق چلے گا، پاکستانی بندوق کے زور پر مسلط ایجنڈے پر زندگی نہیں گزاریں گے۔ پاکستانی بندوق کے زور پر کسی کا ایجنڈا تسلیم نہیں کریں گے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی مذہب کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں ہوگی، ریاست ہر قیمت پر اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے گی اور ریاست پر حملہ آوروں کو سختی سے کچلا جائے گا۔ ریاست ظالموں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو احتجاج سے روکا نہیں جائے گا، لیکن جو شاہراہیں بند کرے گا، عوام کو تنگ کرے گا، مریضوں کو ستایا جائے گا، ریاست ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوری سے لے کر ستمبر تک 24 خودکش حملے ہوئے ہیں، ان میں سے 14 افغانیوں نے کیے ہیں، قلعہ سیف اللہ مسلم باغ میں جو واقعہ ہوا اس میں ملوث چھ میں سے پانچ افراد افغانی تھے، ژوب کینٹ میں جو واقعہ ہوا اس میں ملوث 5 میں سے 3 افغانی تھے، پھر ہنگو واقعے افغان نیشنل ملوث تھا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ شیخ ہیبت اللہ صاحب نے جو فتویٰ دیا ہے اس فتوے پر بھی عمل نہیں کیا جارہا، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ افغانستان سے ہم پر حملے ہوتے ہیںاور افغان نیشنلز ان حملوں میں ملوث ہیں، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، وزارت خارجہ اس پر اپنا کام کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نادرا ایک سیکیورٹی ایشو ہے، سب کا ڈیٹا اہم ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ سے نادرا چئیرمین کی تقرری کی منظوری لی گئی، جن کا آئی ٹی میں وسیع تجربہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 44 لاکھ افغان نیشنلز موجود ہیں، ان میں سے جن کے پاس پروف آف رجسٹریشن ہے وہ 1.42 ملین ہیں، افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر 0.85 ملین ہیں اور غیر قانونی غیر رجسٹرڈ افغان 1.73 ملین ہیں۔

قبل ازیں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نگران وزیراعظم کے زیرصدارت ہوا، اجلاس غیر قانونی مقیم افراد کو یکم نومبر تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 10 اکتوبر سے پاکستان افغانستان بارڈر سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی، یکم نومبر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی، تمام قسم کی دستاویزات سرحد پار سفر کیلئے غیر مؤثر اور غیر قانونی ہوں گی، یکم نومبر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے کاروبار جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔