ڈیرہ اسماعیل خان: پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈاپور کے گھر پر اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارا اور متاثرین کی امداد کا سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان کو غلام عباس نامی شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر سیلاب متاثرین کی جانب سے یو این ایچ سی آر اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھجوایا گیا سامان موجود ہے۔
درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان نے عدلیہ سے اجازت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ ’الامین ہاؤس ’پر چھاپہ مارا۔
اس دوران رہائش گاہ سے منسلک مکان سے سیلاب متاثرین کے لیے یو این ایچ سی آر کی جانب سے بھجوائے گئے 17ٹینٹ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھجوائے گئے 8 ٹینٹ برآمد کرلیے.
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سامان کو غیر قانونی طور پر علی امین نے گھر میں رکھا تھا۔ جبکہ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ٹینٹ ذاتی ملکیت ہیں اور انہوں نے بازار سے خریدے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس ریکارڈ ہوگا کہ یہ ٹینٹ پی ڈی ایم اے اور وفاقی حکومت نے کسے ایشو کیے۔